20 بھارتی ماہی گیروں کو جیل سے رہا کردیا گیا

January 05, 2020

پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخلے اور سمندری حدود سے بغیر اجازت مچھلیاں پکڑنے کے الزام میں گرفتار 20 بھارتی ماہی گیروں کو آج ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی سے رہا کر دیا گیا ہے، ان ماہی گیروں کو کل لاہور کے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپریٹنڈنٹ اورنگزیب خان کے مطابق لانڈھی جیل میں اس وقت 237 بھارتی ماہی گیر قید تھے۔

حکومت پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کے تحت جن 20 ماہی گیروں کو رِہا کیا گیا ہے، یہ بھارتی ماہی گیر ایک سال سے زائد عرصے سے جیل میں قید تھے۔

ان کی رہائی کے بعد مزید 217 بھارتی ماہی گیروں کے علاوہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر قیام کے الزام میں گرفتار برمی، افغانی اور بنگلہ دیشی شہریوں کی بڑی تعداد بھی قید ہے۔

اورنگزیب خان کے مطابق کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو آج سہہ پہر رہائی کے بعد جیل پولیس کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے تعاون سے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچا دیا گیا ہے۔

جہاں سے انہیں پاکستان بزنس ایکسپریس ٹرین کے ذریعے لاہور روانہ کیا جا رہا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ان ماہی گیروں کو کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر رخصت کیا جبکہ لاہور ریلوے اسٹیشن سے انہیں جیل سیکورٹی کے عملے کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کی مدد سے واہگہ باڈر پہنچایا جائے گا اور پیر 6 جنوری کی دوپہر ایک تقریب میں انہیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ماضی کی طرح اس بار بھی بھارتی ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے اخراجات ان کی فاؤنڈیشن برداشت کر رہی ہے۔