مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بامقصد مذاکرات کرنا ہوں گے، مقررین، جے کے ایل ایف کے زیراہتمام تقریب

January 15, 2020

اینٹورپن(عظیم ڈار)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم برانچ نے جے کے ایل ایف کے بانی رہنما چوہدری شریف کی ریاست جموں کشمیر کی وحدت اور آزادی کی تحریک کیلئے سفارتی محاذ پر بے مثال جدوجہد اور کمیونٹی کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آنے پر ان کے اعزاز میں دیئے گئے ایک پروگرام میں انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ پروگرام کی صدارت فرنٹ بلجیم کے صدر مشتاق دیوان نے کی۔ تلاوت کلام پاک اور آقا کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں محمد عبداللہ مدنی نے خوبصورت کلام پیش کیا جبکہ فرنٹ یورپ کے سابق سینئر نائب صدر مرزا شبیر جرال اور حضرت علامہ مفتی عبداللطیف چشتی نے مہمان خصوصی کےطور پر شرکت کی اور نظامت کے فرائض فرنٹ یورپ کے سابق جنرل سیکرٹری مسعود اقبال میر نے ادا کیے۔ پروگرام میں جے کے ایل ایف کے کارکنان اور دیگر کشمیری تنظیموں کے اکابرین نے شرکت کی۔ مقررین نے چوہدری شریف کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ اپنے اپنے انداز میں کیا اور کہا کہ چوہدری شریف ایک خوبصورت کردار، اعلیٰ اوصاف و اخلاق کا مجسمہ تھے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام پچھلی کئی دہائیوں سے غلامی کی زندگیاں گذارنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے بامقصد مذاکرات کا آغاز کریں۔ ڈاکٹر اسحاق خان، ملک صابر سابق صدر جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی بلجیم برانچ، نقاش مشتاق ترجمان جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون، خواجہ ظفر، شبیر جرال سینئر رہنما جموں کشمیر لبریشن فرنٹ،حضرت علامہ مفتی محمد عبد للطیف چشتی امام و خطیب مسجد نور الحرم اینٹورپن محمد اشفاق قمر ڈپٹی جنرل سیکرٹری یورپ زون، مسعود اقبال میر سابق جنرل سیکرٹری جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون اور مشتاق دیوان صدر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بیلجیم برانچ نے خطاب کیے۔ پروگرام کےاختتام پر طعام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔