ایران امریکاکشیدگی:مجلس وحدت مسلمین کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی

January 17, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ایران امریکاکشیدگی اور پاکستان پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سےآل پارٹیز کانفرنس آج مقامی ہوٹل میں ہوگی، اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے بشپ آف ملتان لیوپال سے ملاقات کے دوران کیا ،علامہ اقتدار حسین نقوی نے مسیحی رہنمائوں کو بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت اور ملک کی موجود صورتحال کے حوالے سے اظہار خیال کرنے کی دعوت دی،اس موقع پر علامہ قاضی نادر حسین علوی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی اور پادری نعیم جاوید بھی موجود تھے، ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کی گئی ، علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا قتل امریکی گریٹر پلان کا حصہ ہے، امریکا نے ایران کے خلاف جارحیت کی تو امریکا افغانستان کی طرح ایران میں بھی رسوا اور پسپا ہو گا، ایران امریکی سامراج کیخلاف ڈٹ کر کھڑا ہے، علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی کے ذریعے امن دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے، حکومت ڈنگ ٹپاو پالیسی پر گامزن ہے، عالمی و علاقائی قیادتیں مودی کو متنازع شہریت بل واپس لینے پر مجبور کریں۔