آٹے کا بحران، حکومت کا بڑے آپریشن کا فیصلہ

January 19, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

آٹے کا بحران، حکومت کا بڑے آپریشن کا فیصلہ

لاہور(نمائندہ جنگ) ملک بھر میں آٹے کا بحران برقرار ہے،دکاندار من مانی قیمت وصول کررہے ہیں، لوگ آٹا خریدنے کیلئے مارے مارے پھرنے لگے۔وفاقی حکومت نے ذخیرہ اندوزوں، مہنگا آٹا بیچنے والوں کیخلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم ہائوس کا چاروں صوبوں،چیف سیکرٹریز سے رابطہ،وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچاتے ہوئے مانیٹرنگ، گرفتاریوں، گودام سیل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر خوراک پنجاب سمیع اللّٰہ چوہدری نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں بلا جواز اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کوئی آٹا بحران نہیں ، سرکاری ملنے والی گندم کے مطابق آٹا مقر ر کردہ نرخوں پر فراہم کیا جارہا ، بحران کا واویلا سیاسی سازش ہے جس میں حکومتی عناصر شامل ہیں۔

بحران پر چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کا چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز سے ویڈیو لنک کے ذریعے اہم رابطہ ، اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواکو گندم اور آٹے کی ترسیل سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔

وفاقی حکومت نے آٹا بحران پر بڑے آپریشن کا فیصلہ کرتے ہوئے چاروں صوبوں اور انکے چیف سیکرٹریزسےرابطہ کیا۔ ذرائع وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم آفس نے چاروں چیف سیکرٹریزسےرابطہ کیا اور آٹا بحران پر گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس نے چاروں چیف سیکرٹریز کو وزیراعظم کا پیغام پہنچایا کہ غفلت کےمرتکب افسران کی چیکنگ کیلئےمانیٹرنگ کرکےکارروائی کی جائے، ذخیرہ اندوزی، آٹےکی قلت، مہنگا آٹا فروخت ہونے پرانتظامیہ جوابدہ ہوگی، تمام ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنرز کارروائی کرکے 24 گھنٹے میں رپورٹ دیں۔

ذخیرہ اندوزوں،مہنگا آٹا بیچنے والوں کی فوری گرفتاری، گودام سیل کرنے کےاحکامات جاری کئے جائیں۔