ہائرایجوکیشن کمیشن کی دوٹیموں کاجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ، کارکردگی کاجائزہ لیا

January 20, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی کارکردگی اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی دو ٹیموں نے تفصیلی جائزہ لیا۔معائنہ ٹیموں میں ڈاکٹر جواد احمد خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور، ڈاکٹر نخشب چوہدری کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور، ڈاکٹر عبدالروءف خاصخیلی شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ اور ڈاکٹر محمد عارف خٹک بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، ڈاکٹر مدثر خان خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور ڈاکٹر محمد اویس عمر یو وی اے ایس لاہور شامل تھے۔ ڈاکٹر نادیہ طاہر ایچ ای سی کی ایم ڈی کوالٹی ایشورینس بھی اس موقع پر شریک ہوئیں۔ دونوں ٹیموں نے ایچ ای سی کے وضع کردہ معیارات کے مطابق یونیورسٹی کی کارکردگی اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کا جائزہ لیا۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے یونیورسٹی میں ایچ ای سی کے کامیاب دورے پر یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی ایچ ای سی کی وضع کردہ معیارات پر پورا اترنے کے لیے پر عزم ہے اور ا س کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے اس دورے پر پر وفد کو یونیورسٹی کی حکمت عملی اور یونیورسٹی کی جامع پالیسی اور کام کرنے کے معیاری طریقہ کار، یونیورسٹی کے ملازمین بشمول اساتذہ اور دیگراسٹاف کے اپنے کام کو لے کر فرائض، شرائط و جواب دہی کے اصول واضح کیے۔ایچ ای سی کے وفد نے یونیورسٹی کی رجسٹرار ، شعبہ جات کے ڈینز اور صدور شعبہ جات ،اساتزہ اور طلباء کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور انکی موجودگی میں یونیورسٹی کے پورٹ فولیو اور تمام تر دستاویزات کی ثبوتوں کے ساتھ جانچ پڑتال کی۔جس کے ساتھ انھوں نے یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹی اورکیمپس میں لیبارٹری، لائبریری، کلاس روم، ڈینٹل او پی ڈی، دیگر ڈیپارٹمنٹس وغیرہ کا دورہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔اور مزید بہتری کے لیے مشورے دیے۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ٹیم کا بےحد شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ اور انکی ٹیم یونیورسٹی کی بہتری کے لیے ہمیشہ پرعزم رہیں گے اور کوششیں کرتے رہیں گے انہوں نے ٹیم کو یونیورسٹی کے سووینئر بھی پیش کیے۔