آسٹریلیاکو آخری ون ڈے میں شکست،سیریز بھارت کے نام

January 20, 2020

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) دورہ بھارت میں پہلا میچ بڑے باوقار انداز میں 10 وکٹ سے جیتنے والی آسٹریلیا کی ٹیم مسلسل دوسر امیچ ہارکر 3 میچزکی سیریز بھی 1-2 سے ہارگئی۔ اسمتھ کی سنچری پر روہت شرما کی تھری فیگر اننگز بھاری پڑگئی۔ بنگلور میں کھیلے گئے آخری میچ میں مہمان ٹیم مکمل بے بس دکھائی دی۔ پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹ پر 286رنز بنائے اسٹیون اسمتھ کے سوا کوئی بھی جم کر بھارتی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکا۔ اسمتھ 131رنزبناکر آئوٹ ہوگئے۔ 6کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ مارنس لبوشین نے 54 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔ پیسر محمد شامی نے 63 رنز کے عوض 4کھلاڑی آئوٹ کئے۔ جواب میں اوپنر روہت شرما کے 119اور کپتان کوہلی کے89رنزکی بدولت میزبان سائیڈ نے ہدف 15 گیندیں قبل 3 وکٹ پر پورا کرلیا۔