آٹا بحران ‘تبدیلی سرکار کا عوام کیلئے تحفہ ہے‘پیپلز پارٹی

January 20, 2020

کوئٹہ (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہاہے کہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی، سلیکٹڈ حکمران ٹماٹر اور آٹے کی قیمتیں بھی برقرار رکھنے میں ناکام ہیں، بارش اوربرفباری کے بعد رابطہ سڑکیں بحال نہ ہونا ،صوبے میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ تبدیلی سرکار کے تحفے ہیں، پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں فعال کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے ، یہ بات انہوں نے صوبائی جنرل سیکرٹری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور فعالیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ جب عوامی مینڈیٹ کے برخلاف حکومتیں قائم ہوں تو ملک کا حال وہی ہوتا ہے جو اس وقت ہمیں نظر آرہا ہے عوام بنیادی سہولیات سے محروم اور مہنگائی ،بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کا شکار ہیں، حکومت کے دعوؤں کی حد تک ملک میں سب اچھا ہے لیکن گراؤنڈ پر عوام کو آٹا تک میسر نہیں ، ذخیرہ اندوزی عروج پر ہے حکومت آٹے کی قیمت تک برقرار نہیں رکھ پارہی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مظلوم عوام کی آواز بلند کی اور کرتی رہے گی ، بلوچستان میں پارٹی کے تنظیمی امور اور فعالیت پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے ایک بار پھر پیپلز پارٹی کو صوبے کی نمائندہ جماعت بنائیں گے ۔