الیکشن کمیشن مکمل، حکومت اور اپوزیشن نے اتفاق کے بعد اعلان کردیا

January 22, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

الیکشن کمیشن مکمل، حکومت اور اپوزیشن نے اتفاق کے بعد اعلان کردیا

اسلام آباد( طاہر خلیل ) حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کرلیا۔ حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کا تیرہواں اجلاس وفاقی وزیر شیریں مزاری کی سربراہی میں ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر بحث کی گئی۔پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن ممبران کے ناموں پر اتفاق کرلیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا گیا جبکہ سندھ سے ممبر الیکشن کمیشن کے لیے نثار درانی جب کہ بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔

کمیٹی کی چیئرپرسن اور وفاقی وزیرشیریں مزاری بھی چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر اتفاق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں ناموں پر اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے۔

شیریں مزاری نے اتفاق رائے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نام اب وزیراعظم کو بھیجے جائیں گے، اس روایت کو آگے لے کر چلیں گے۔چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں پر اتفاق رائے ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جو کام اتفاق رائے سے ہوجائے وہ اچھا ہوتا ہے، لچک کا مظاہرہ دونوں طرف سے کیا گیا ہے، حکومت پہلے اپنے نام پر بضد تھی لیکن پھر نام تبدیل کیے جس سے عمل آسان ہوا۔

سکندر سلطان محنتی اور دیانت دار ہیں، انہوں نے ہمارے ساتھ کافی عرصے کام کیا۔

ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے کسی سابق بیورو کریٹ کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ سندھ کے ممبر کے لیے فائنل کیے جانے والے نثار درانی حیدرآباد لاء کالج کے پرنسپل ہیں۔