اڈیالہ روڈ اور گرد ونواح میں آئے روز بجلی کی گھنٹوں بندش معمول

January 22, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) اڈیالہ روڈ اور گرد ونواح کے علاقوں میں بغیر کسی اطلاع کے گزشتہ کئی ماہ سے تقریباً ہر دوسرے روز گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے جس سے صارفین کا صبر جواب دیتا جا رہا ہے۔ متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے آئیسکو حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کبھی مرمت اور کبھی تعمیرات کے نام پر صبح 9سے دوپہر تین چار بجے تک بجلی بند کر دینا سمجھ سے بالا تر ہے، آخر ایسی کونسی مرمت اور تعمیراتی کام ہیں جو دکھائی بھی نہیں دیتے اور مکمل بھی نہیں ہوتے۔صارفین نے محض درختوں کی شاخیں تراشے کے نام پر پورے پورے علاقوں کی بجلی بند کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی اطلاع کے آئے روز پورا پورا دن بجلی کی بندش آئیسکو کی نااہلی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اخلاقیات کا تقاضا یہی ہے کہ کسی ناگزیر صورتحال میں بجلی کی بندش سے قبل صارفین کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے جس طرح ماضی کی حکومت میں بذریعہ ایس ایم ایس بتایا جاتا تھا تاکہ لوگ پانی ذخیرہ کرنے سمیت سمیت روزہ مرہ کے امور پہلے ہی نمٹا لیں۔