اغواءہونیوالی 13سالہ لڑکی کا سراغ نہیں مل سکا، والد کی بازیابی کی اپیل

January 22, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، خصوصی رپورٹر)تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ سے اغواءہونے والی 13 سالہ لڑکی کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔ پولیس مقدمے میں نامز د ملزم کو بھی گرفتار نہ کرسکی۔ پولیس کے مطابق فاروق نے بتایاکہ کام کے بعد گھر گیا تو اہلیہ نے بتایاکہ بیٹی ( ح) گھر پر موجود نہیں ہے جس کو تلاش کیا لیکن کچھ پتہ نہ چلا، شبہ ہے کہ بیٹی کو زاہد نامی شخص نے اغواءکیا ہے۔ ادھر چھ دن گزرنے کے باوجود پولیس بچی کا سراغ نہیں لگا سکی۔ مدعی فاروق جو غریب محنت کش ہے اور قہوہ فروخت کر کے کنبے کا پیٹ پالتا ہے کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس کی جانب سے ملزم کی عدم گرفتاری اور بچی کی عدم بازیابی پر وہ سی پی او راولپنڈی کے پاس پیش ہوئے جنہوں نے ڈی ایس پی صدر کے پاس بجھوایا۔منگل کے روز ڈی ایس پی آفس سے بلایاگیا اور تمام دن بٹھا کر یہ کہہ کرواپس کردیاگیا کہ آپ لوگ ملزم کی لوکیشن ٹریس کریں اور بدھ کو دوبارہ آئیں ۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق گورکھ پور واپڈا کالونی اڈیالہ روڈ کے محنت کش محمد فاروق نے جنگ کے دفتر میں آکر بتایا کہ میری 13سالہ بچی (ح) کے اغواء میں ملوث ملزم زاہد گھر سے بھاگ گیا ہے۔ اس کے بیوی بچے موجود ہیں لیکن وہ غائب ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی کہ میری بچی کو بازیاب کرایا جائے۔