معاشی عدم استحکام نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا ، ثروت قادری

January 23, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ معاشی عدم استحکام او ر مہنگائی نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا ہے، حکمران غربت مٹاؤ کی بجائے غریب مٹاؤ مہم پر گامزن ہیں، آئی ایم ایف کے قرضوں نے معیشت کا پہیہ جام اور بے روزگاری ومہنگائی کو فروغ دیا ہے، بجلی وگیس کے یونٹ میں ہر ماہ اضافہ تشویشناک ہے، ملک میں غریب کو انصاف نہیں پینے کو صاف پانی نہیں اب مہنگائی وبے روزگاری کے ذریعے غریب کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر عمائدین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مہنگائی وبے روزگاری اور غربت سے انتشار کی صورتحال نے جنم لیا تو اس کے ذمہ دار حکمران ہونگے، مہنگائی وبے روزگاری کے ساتھ آٹا،چینی کا بحران غریب کیلئے شدید پریشانی کا سبب ہیں، عوام چاہتے ہیں حکمران عوام دوست پالیسیاں بنائیں، ہمارے دل عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں، ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنا اور معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جمہوریت کومستحکم اور ملک کو خوشحال بنانے کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہینگے، ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، اقرباء پروری اور دہشتگردی نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔