چین نے سی پیک اور پاکستان سے تعلقات پر امریکی مداخلت مسترد کردی

January 23, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

چین نے سی پیک اور پاکستان سے تعلقات پر امریکی مداخلت مسترد کردی

اسلام آباد(جنگ نیوز)چینی سفارتخانے نے امریکی نائب سیکرٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیا ایلس ویلز کی ʼسی پیک پر تنقید کو منفی پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیااور کہا ہے کہ پابندیوں کی چھڑی گھمانے والا امریکا یہ کام عالمی معیشت نہیں اپنے سیاسی مفادات کیلئے کرتا ہے۔

چینی سفارت خانے کے ترجمان نے ایلس ویلز کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ چین نے کبھی کسی ملک کو قرضوں کی ادائیگی کے لیے مجبور نہیں کیا اورپاکستان سے بھی غیر معقول مطالبات نہیں کرے گا، امریکہ مسلسل خود ساختہ قرضہ جات کی کہانی میں مبالغہ آرائی کر رہا ہے۔

امریکا کا حساب کتاب کمزور اور ارادے بدترین ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا دنیا بھر میں پابندیوں کی چھڑی لے کر گھومتا ہے اور ممالک کو بلیک لسٹ کرتا رہتا ہے، تاہم یہ امریکی عمل عالمی معیشت کیلئے نہیں بلکہ اس کے اپنے سیاسی مفادات کیلئے ہوتا ہے۔

21 جنوری کو دورہ پاکستان پر آنے والی امریکی نائب سیکرٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیا ایلس ویلز نے ایک مرتبہ پھر پاک ‘ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حوالے سے منفی ردعمل دیا جو نئی بات نہیں ہے بلکہ نومبر 2019 والی تقریر کا تکرار ہے جسے پاکستان اور چین دونوں مسترد کر چکے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہمیں پاک ۔ امریکا تعلقات پر خوشی ہے تاہم پاک‘ چین تعلقات اور سی پیک میں امریکی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں اور امریکا کے منفی پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔