چین اپنی متعدد صنعتوں کو پاکستان منتقل کرنیکی منصوبہ بندی کررہا ہے، اختیار بیگ

January 25, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم کے سابق مشیر برائے ٹیکسٹائل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ پاکستان کی تین سوسے زائد مختلف مصنوعات کو یکم جنوری 2020سے چین کی مارکیٹوں میں ڈیوٹی فری ایکسپورٹ پالیسی کے تحت رسائی حاصل ہوگئی ہے جس کے بعد امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستانی ذرائع آمد ن میں اس سے خاطر خواہ اضافہ ہوگا ، اس کے ساتھ ساتھ چین اپنی بہت ساری انڈسٹریز کو پاکستان منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کررہاہے چونکہ پاکستان میں لیبر سستی ہے اور اس طرح پاکستان میں روزگارکے مواقعوںمیں اضافہ ہوگا جبکہ پراڈکٹ کی تیاری میں چین کے اخراجات کم ہوں گے۔نئی طرز کی معیشت کے لئے چائنا کی مارکیٹ سوشلزم کی اصطلاح استعمال کررہی ہے جس کی وجہ سے چین کے بیرونی دنیا کے لئے دروازے بھر پور انداز سے ہرآنے والے مہمان ملک کے لئے اس کے مزاج کے مطابق کھلے رہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کی سماعت گاہ میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل جامعہ کراچی کے زیر اہتمام ڈاکٹرپرویزطاہر کی کتاب : "Making Sense of Joan Robinson on China" ’’میکنگ سینس آف جون رابنسن آن چائنا‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جوئن رابنسن(Joan Robins) نے ترقی یافتہ معیشتوں اور سرمایہ داری کے متبادلوں میں دلچسپی پیدا کی۔