پاکستان اور سعودی عرب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،حافظ عبدالغفار روپڑی

January 25, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی )جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے جامع القدس چوک دالگراں میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیاکے امن کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کی خدمات لازوال ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔سعودی عرب کے ساتھ مسلمانوں کی محبت کو کسی صورت کمزور نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان سعودی عرب کے تعلقات عالم اسلام کی وحدت کے ضامن ہیں۔انہوں نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی طرف سے میزائل حملوں کی بھی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ آٹا بحران اور خورو نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے گورننس کے معاملات میں فوری طور پر بہتری لانا ہوگی، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ملک گیر سطح پر کریک ڈاؤن کیا جائے،حکومت اپنی معاشی پالیسیوں کا ازسو نوجائزہ لے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، ان کے بغیر مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے نہ ہی عوام کی مشکلات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔مہنگائی، بے روزگاری، گورننس کی ناگفتہ بہ صورتحال اور موجودہ اقتصادی پالیسیوں نے غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے کر کے رکھ دئیے پچاس روپے کلو فروخت ہونے والے آٹے کی قیمت اب 70روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے ۔