میو ہسپتال میں تمام سی ٹی اسکین مشینیں خراب،مریضوں کو مشکلات

January 27, 2020

لاہور ( جنرل رپورٹر ) میو ہسپتال کی ایمرجنسی سمیت اہم تشخیصی ٹیسٹ سی ٹی اسکین کی تمام مشینوں نے کام کرنا چھوڑ دیاہے ،جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق میو ہسپتال لاہور میں سی ٹی اسکین کی مجموعی طور پر تین مشینوں میں سے ایک عرصہ دراز سے ناکارہ قرار دی جاچکی ہے جبکہ ایمرجنسی کے ساتھ نصب مشین کو ورنٹی ہونے کے باوجود متعلقہ نجی کمپنی ٹھیک نہیں کر رہی جسے ہسپتال انتظامیہ ابتک 50سے زائد مراسلے لکھ چکی اور اس پر محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے متعلقہ کمپنی کو چار سے پانچ مراسلے لکھ دیئے ہیں کہ سی ٹی سکین مشین کو ٹھیک کیا جائے جبکہ ہسپتال کی تیسری سی ٹی اسکین مشین جو سرجیکل ٹاور میں نصب ہے بھی گزشتہ ایک ہفتہ سے خراب پڑی ، ایم ایس میو ڈاکٹر طاہر خلیل نےبتایا کہ سرجیکل ٹاور میں نصب سی ٹی سکین مشین آئندہ چند روز میں فنکشنل ہو جائے گی جبکہ ایمرجنسی والی مشین کے حوالےسے متعلقہ نجی کمپنی کے ساتھ آئندہ ہفتہ میٹنگ ہے کمپنی مشین کو ٹھیک کرنے کےلیے تیار ہے جبکہ مین ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں نصب مشین اپنی مدت مکمل کر چکی ہے جسے ناکارہ قرار دیکر نئی مشین خریدی جائے گی۔علاوہ ازیں میو ہسپتال کی مشینیں خراب ہونے سے مریضوں نجی لیبارٹریوں اور دوسرے ہسپتالوں سے اپنا سی ٹی سکین کرانے پر مجبور ہیں اور اس صورتحال سے انہیں شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا ہے ۔