خیبر پختونخوامیں آٹے بحران پر قابو پا لیا گیا، عبدالستار خلیل

January 27, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ زکواۃ کمیٹی پشاور کے چیئرمین عبدالستار خان خلیل نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کی کوششوں سے صوبے میں آٹے کے بحران پر قابو پا لیا گیا ہے ۔ حکومت کی طرف سے صوبے بھر میں عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر بیس کلو گرام آٹے کی بوری آٹھ سو آٹھ رپے میں فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ صوبے بھر میں آٹے کی قیمتوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور بازاروں میں چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے پشتہ خرہ پشاور میں اپنے حجرہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان مل کر وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کی نگرانی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کو وزیراعظم عمران خان ارکان اسمبلی اور پی ٹی آئی کارکنوں کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔ عبدالستار خان خلیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی طرف سے صوبے بھر میں آٹے کی فراہمی کی براہ راست مانیٹرنگ اور بازاروں میں چھاپوں سے ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مارکیٹرز پر خوف طاری ہو گیا ہے۔ انشا ء اللہ وزیراعلیٰ محمود خان ارکان اسمبلی پی ٹی آئی کارکنوں اور عوام کی مدد سے خیبر پختونخوا کو مثالی صوبہ بناکر دکھائیں گے۔خیبر پختونخوا میں کرپشن اور بدعنوانیوں کے خاتمے کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سرکاری افسروں کو سختی سے وارننگ دے دی گئی ہے کہ سرکاری محکموں میں کرپشن و بدعنوانی برداشت کی جائے گی جبکہ کرپشن و بدعنوانی میں ملوث افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں جیل بھیجا جائے گا۔