کوریا: سفیر پاکستان کے اعزاز میں ہم وطنوں کا الوداعی عشائیہ

January 27, 2020

پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کی طرف سے کوریا میں سفیر پاکستان رحیم حیات قُریشی کے اعزاز میں ایک پُروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں سفیر پاکستان سمیت سفارت خانہ کے تمام اعلٰی افسران نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ سے کیا گیا۔

پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے نائب صدر مہر سرور نے سفیر پاکستان رحیم حیات قُریشی کا عشائیے میں شرکت پر شُکریہ ادا کیا۔

انھوں نے اس موقع پر سفیر پاکستان کے کوریا میں گُزشتہ تین سالوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رحیم حیات قُریشی نے جنوبی کوریا میں کامیاب سفارت کاری کے ذریعے پاکستان اور پاکستانیوں کا مورال بلند کیا اور یہی نہی بلکہ پاکستان اور جنوبی کوریا میں باہمی تجارت کا حجم بھی تاریخ کے بُلند درجے تک پہنچایا۔

جنوبی کوریا سے پاکستان کیلئے سیاحت کے شعبہ میں خاصی کامیابی حاصل کی جس کی وجہ سے گندھارا تہذیب کو دیکھنے کیلئے جوک در جوک، جنوبی کوریا کے لوگ پاکستان کا رُخ کر رہے ہیں۔ انھوں نے آخر میں ایسوسی ایشن کے صدر مُدثرعلی چیمہ کی طرف سے بھیجا گیا مراسلہ پڑھ کر سُنایا۔

ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری صابر خان نے بھی سفیر پاکستان رحیم حیات قُریشی سمیت سفارت خانہ کے تمام اعلٰی افسران اور پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے تمام شہروں سے آئے ہوئے ذمہ داران اور ممبران کا خصوصی طور پر شُکریہ ادا کیا۔

سفیر پاکستان رحیم حیات قُریشی نے عشائیہ کے انعقاد پر پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کا شُکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن، پاکستانیوں کی نہ صرف بھر پور نمائندگی کررہی ہے بلکہ جنوبی کوریا میں کامیابی سے خصوصی پروگرامز کا انعقاد کرکے پاکستان اور پاکستانیوں کا مورال بُلند کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پروگرام کے اختتام پر ایسوسی ایشن کی جانب سے سفیر پاکستان کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔