حسن آباد کی مہریہ کالونی میں گٹروں کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا

January 28, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) حسن آباد کی مہریہ کالونی میں گٹروں کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ مکین تعفن زدہ ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبورہوگئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ خانیوال روڈ پرحسن آباد گیٹ نمبر 2 کی مہریہ کالونی میں سیوریج مسائل عرصہ دراز سے برقرار ہیں ۔ گلیوں ، سڑکوں پر سیوریج کا گندا پانی ٹھاٹھیں مار رہا ہے ۔ شہریوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ نمازی بھی مساجد تک نہیں پہنچ پاتے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تعفن زدہ ماحول میں عرصہ دراز سے زندگی گزار رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا کے شکایات سیل میں شکایت درج کرائی جائے تو کئی کئی روز تک مسئلہ حل نہیں کیا جاتا۔ شہریوں نے ایم ڈی واسا سے فوری ایکشن لیں اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں۔ اس ضمن میں واسا حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایت پرگٹروں کی صفائی کا کام شروع کرادیا ہے ۔ آئندہ دوروز میں مسئلہ حل کردیا جائے گا ۔