حکومت و اپوزیشن نریندر مودی کی دھمکی کیخلاف ہم آواز

January 29, 2020

حکومت و اپوزیشن نریندر مودی کی دھمکی کیخلاف ہم آواز

پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دھمکی کے خلاف ہم آواز ہوگئیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں وزیر مملکت علی محمد خان، ن لیگی سینیٹر مشاہد حسین سید اور پی پی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے شرکت کی۔

میزبان حامد میر سے گفتگو میں حکومتی و اپوزیشن ارکان نےکہا کہ بھارت سن لے ہم ایک ہیں، کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بدمعاش ہے، وہ توجہ ہٹانےکے لیے دھمکی آمیز بیانات دے رہا ہے۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ بھارت کو اس کے جارحانہ اقدام پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پاکستانی فوج کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

اس سے قبل دفترخارجہ نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیزی پر مبنی جنگجواور غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کردیا اور کہا کہ نریندر مودی کے دھمکی آمیز بیانات صورتحال میں مزید بگاڑ پیدا کررہے ہیں۔