کشمیر میں جاری ظلم کی مثال نہیں ملتی، مشعال ملک

February 05, 2020

مشعال ملک لاہور پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت سے کم کوئی فیصلہ قبول نہیں کریں گے، کشمیر میں جو ظلم ہورہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں لاہور پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی قیادت کی اے پی سی بلائی جائے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارتی ظلم و بربریت کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مودی نے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے بہت بڑی غلطی کی، بھارت میں انسانیت پر یقین رکھنے والے لوگ شہریت بل کے خلاف متحد ہوگئے ہیں۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے یہ بھی کہا کہ کشمیری بھائی آزادی کےلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، یورپی پارلیمنٹ نے پہلی بار مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی قرارداد پیش کی۔