حرا، مانی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

February 08, 2020

سیلیبریٹیز کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اکثر وائرل ہو جاتی ہیں، اور ان کی نہ صرف انٹرنیٹ پر دھوم ہوتی ہے بلکہ یہ صارفین کے موضوعات کا حصہ بھی بن جاتی ہیں۔

ماڈل و اداکارہ حرا مانی کی بھی اپنے شوہر سلمان شیخ عرف مانی کے ساتھ لوگوں کی توجہ مبذول کروانے کے لیے لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

انہوں نے اپنی اس تصویر کو فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرا اور مانی رومانوی انداز میں ایک دوسرے کی جانب دیکھ رہے ہیں، جبکہ ان کے چہرے کے تاثرات بھی کسی فلمی فوٹو شوٹ جیسے ہی دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ تصویر دبئی میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ کے موقع پر لی گئی تھی۔

انسٹاگرام پر اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے حرا مانی نے صرف اتنا لکھا کہ ’ایسے نہ مجھے تم دیکھو‘۔

سوشل میڈیا پر حرا مانی کی یہ تصویر وائرل ہوگئی جبکہ اسے لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

اس تصویر کو ان کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے جبکہ سرحد پار مداح بھی ان کی اس تصویر کے معترف نکلے۔

قبل ازیں انہوں نے ایوارڈ شو میں شرکت کرنے کے لیے آتے ہوئے چند سیکنڈز کی ایک ویڈیو بھی انسٹاگرام پر پوسٹ کی۔