حکومت کا کم آمدنی والوں کے لیے 15 ارب کی سبسڈی دینے کا فیصلہ

February 10, 2020

حکومت کا کم آمدنی والوں کے لیے 15 ارب کی سبسڈی دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کم آمدنی والوں کے لیے15ارب روپےکی سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا، اس مد میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 15 ارب کا پیکیج دینے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحقین کو راشن کارڈز دیے جائیں گے۔

یوٹیلٹی اسٹورز کو اشیائے خور و نوش کی فراہمی بڑھائی جائے گی، فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے ای سی سی کے لیے سمریز جلد بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، جبکہ فیصلے کی کابینہ سے حتمی منظوری لی جائے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت ہرحد تک جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غریب عوام اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف دینے سے متعلق اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی سستے نرخوں پر فراہمی کے اقدامات پر غور کیا گيا۔

عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق وزیراعظم کے فیصلوں کا اعلان کل کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا، اجلاس میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر، چئیرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالفقار علی خان و دیگر شریک ہوئے۔