غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کیلئے بے چین

February 12, 2020

20فروری سے شروع ہونے والے پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل کے لیے ناصرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی کھلاڑی بھی پر جوش دکھائی دے رہے ہیں، جس کا ا ظہار وہ اپنے پیغامات میں کر رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل 4 کی رنر اپ ٹیم پشاور زلمی میں شامل غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کی قومی زبان اردو میں ٹوئٹس لکھ کر پی ایس ایل کے لیے اپنی بے صبری کا اظہار کر رہے ہیں۔

جارح مزاج انگلش کرکٹر ٹام بنٹن نے اپنے پیغام میں پاکستانیوں سے خیریت دریافت کرتے ہوئے لکھا کہ پشاور زلمی کے چوکوں اور چھکوں کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی دیکھئے :پی ایس ایل 4 کی رنر اپ ٹیم پشاور زلمی

انہوں نے پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کو اطلاع دی کہ وہ پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں اور سامان پیک کررہے ہیں۔

ٹام بنٹن نے اپنے ٹوئٹ میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی، پی ایس ایل اور پشاور زلمی کے اکاؤنٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے مداحوں کو پیغام دیا کہ وہ بھی اسٹیڈیم آنے کی تیاری کریں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’ہم زلمی‘ اور ’وی آر زلمی‘ کا بھی استعمال کیا۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کو بھی ٹام کا یہ پیغام خوب بھایا۔

دوسری جانب لیام ڈاسن نے اپنے پیغام کا آغاز السلام علیکم سے کیا اور پی ایس ایل کے لیے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

انہوں نے جاوید آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’چپلی کباب اور دم پخت کا سوچ کر ابھی سے منہ میں پانی آرہا ہے۔‘

غیر ملکیوں کی جانب سے اردو میں ٹوئٹس دیکھ کر جہاں مداح شش و پنج میں مبتلا ہیں وہیں قومی کرکٹر حسن علی بھی اپنی حیرت چھپانے میں ناکام رہے اور لیام سے سوال کر ڈالا۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سمی بھی اردو میں ٹوئٹس کر چکے ہیں۔

چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ان تمام کرکٹرز کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کو کہتے ہیں پاکستان سُپر لیگ‘

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں جاوید آفریدی نے ڈیرن سمی کی ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں وہ ائیر پورٹ پر موجود ہیں جہاں جاوید آفریدی ان کا استقبال کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں ڈیرن سمی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان واپس آکر بے حد خوش ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا سیزن فائیو 20 فروری سے 22 مارچ تک کھیلا جائے گا، ایونٹ کے تمام 34 میچز ملک کے 4 مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔