کرونا وائرس کی ویکسین کا چوہوں پر تجربہ

February 12, 2020

سائنسدانوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کا تجربہ چوہوں پر کیا

برطانوی سائنسدانوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کا تجربہ چوہوں پر کیا ہے جس کے نتائج آئندہ چند ہفتوں میں سامنے آنے کا امکان ہے۔

یہ تجربہ کرنے والے امپیریل کالج لندن کے محققین کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ایک محفوظ اور قابل اثر حل نکالنا ہے۔

فرانسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کا کسی جانور پر تجربہ کرنے کا آغاز انہوں نے سب سے پہلے کیا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق انہوں نے ویکسین چوہے کے جسم میں داخل کردی ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں وہ یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کا خون اور قوت مدافعت کا ردعمل کیسا ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں جب کہ عالمی ادارہ صحت نے اس کے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔

دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں ۔