اپوزیشن پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے برعکس پارلیمان اجلاس میں شرکت کریگی

February 14, 2020

اسلام آباد (طارق بٹ) حزب اختلاف کی جماعتیں تین سال قبل پاکستان تحریک انصاف کے بائیکاٹ کے برعکس ترک صدر رجب طیب ایردوان کی تقریر سننے کیلئے پارلیمان کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔ مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دی نیوز کو بتایا کہ صدر ایردوان صرف پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ ہمارے یعنی پاکستان کے مہمان ہیں، اس لئے ہم ان کا خطاب سننے کیلئے پارلیمان کے اجلاس میں موجود ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف پی ٹی آئی کی جانب سے سیٹ کی گئی بری مثال کو بھی نہیں دہرائے گی، پاکستان کے ترک صدر سے بہترین تعلقات ہیں جو نون لیگ کی حکومت میں بہت زیادہ بہتر ہوئے جیسا کہ انقرہ نے معاشی تعلقات کو بھی مضبوط بنایا۔