حافظ سعید کو سزا افسوسناک، قوم کا سر جھک گیا، مذہبی رہنما

February 14, 2020

لاہور(وقائع نگارخصوصی)مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے حافظ محمد سعید کیس میں سزا سنائے جانے پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری و پاکستانی قوم کے محسن کو سزا سنانا افسوسناک ہے۔حافظ سعید کو سزا سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ حافظ سعید اور انکی جماعت کیخلاف آج تک کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ بیرونی قوتوں کے دباؤ پرانہیں سزائیں سناکر کشمیری و پاکستانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا۔ ان کا جرم مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنا ہے۔ مودی کی خوشنودی کیلئے حکومتی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔بیرونی دباؤ پر ایسے فیصلوں سے قوموں کو بہت نقصان اٹھانا پڑتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارعلامہ طاہر محمود اشرفی، سینیٹر سراج الحق، صاحبزادہ ابو الخیر زبیر، قاری زوار بہادراور علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نےاپنے بیان میں کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے چند ٹکوں کی خاطرایف اے ٹی ایف کے دباؤ میں آکرحافظ سعید کو عدالتوں کے ذریعے سزاسناکرنہ صرف پاکستانیوں کے دل دکھائے بلکہ اس سے اہل کشمیر کو بھی بہت غم پہنچا ہے،ہم اس مشکل وقت میں جماعت کے ساتھ ہیں اوراسلامی تحریکوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔ ملی یکجہتی کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہاکہ حافظ محمد سعید جیسے رہنماؤں کو سزا سنانا اغیارکے مقاصد کی تکمیل کی سازش ہے۔ کشمیریوں کی آوازدنیا کے کونے کونے میں پہنچانے کی وجہ سےانہیں سزا دی گئی۔