پاکستان سید علی گیلانی کے علاج کیلئے اقوام متحدہ میں آواز اٹھائے، رہنما ن لیگ

February 15, 2020

وٹفورڈ( لائق علی خان)پاکستان ہی سید علی گیلانی کا اوڑھنا بچھونا ہے پاکستان کیساتھ ان کا عقیدت کا رشتہ ہے پاکستان انکے دل میں بستہ ہے۔ پاکستان حکومت ان کے علاج کے لئے اقوام متحدہ سے رابطہ کرے اور اس کام میں دیر نہیں کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار نون لیگ آزاد کشمیر برطانیہ کے رہنما زبیر اقبال کیانی، چوہدری جہانگیر، راجہ شفیق احمد، راجہ نواز خان، توصیف کیانی، انوار الحق ملک، توقیر مرزا، راجہ امجد، سردار نفیس سرور، چوہدری عبد الرحمان آرائیں، راجہ امجد فاروق، طارق جمیل راجا، سردار محمد فاروق، راجہ ماسٹر نثار، فرزان عزیز پوٹھی، راجہ اعجاز و دیگر بزرگ کشمیری حریت کے رہنما سید علی گیلانی کی خرابی صحت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ بیان میں کیا۔ رہنماؤں نے بزرگ کشمیری حریت کے رہنما سید علی گیلانی کی صحت کے لئے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے- ان رہنماؤں نے کہا کہ سید علی گیلانی سرینگر کے لال چوک میں کھڑے ہو کر بھارتی دہشت گرد اور قاتل فوج کو للکارتے رہے اور بلا خوف و خطر پاکستان کا پرچم لہراتے رہے ان کی پاکستان کیساتھ محبت عقیدت کے رشتہ ہے جس سے ساری دنیا واقف ہے۔ وہ چلتا پھرتا پاکستان ہیں- ان کی شدید علالت پوری قوم کے لئے باعث پریشانی و فکر ہے۔ سید علی گیلانی مرد درویش اور مرد آہن ہیں، علی گیلانی کشمیریوں ہی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے دل میں بستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان سید علی گیلانی کے بیرون ملک علاج کے لئے اقوام متحدہ میں آواز اٹھائیں۔ رہنماؤں نے پوری دنیا میں بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانی کمیونٹی سے سید علی گیلانی کی صحت کی کے لئے خصوصی دعا کی اپیل بھی ہے۔