جے کے ایل ایف کل لندن میں مظاہرہ کرے گی

February 15, 2020

لندن / لوٹن (نمائندہ جنگ) جے کے ایل ایف اتوار16فروری کو لندن بھارتی ہائی کمیشن کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی،اس حوالے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں یہ بات فرنٹ کے صدر برطانیہ سید تحسین گیلانی نے بتائی۔فرنٹ کے ظفر خان ، صابر گل، یوسف چوہدری، ملک اعجاز ، خواجہ لطیف اور دیگر مظاہرہ کی کامیابی کیلئے خاصے پرعزم ہیں ادھر جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے مہتمم علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، خان محبوب خان چشتی، مرکزی جامع مسجد لوٹن کے خطیب مولانا حافظ اعجاز احمد، کشمیر سالیڈیرٹی کمپئین لوٹن کے کو آرڈی نیٹر حاجی چوہدری محمد قربان ، لوٹن سنٹرل ماسک انتظامی کمیٹی کے صدر حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی نائب صدر حاجی پہلوان ملک پنوں خان اور متعدد دیگر نے سولہ فروری کے مظاہرہ میں بھرپور شرکت کا اظہار کیا ہے۔ ویسٹ بورن روڈ لوٹن سے اتوار کے روز ٹرانسپورٹ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ فرنٹ برطانیہ کے صدر سید تحسین گیلانی نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری کئی مہینوں کے کرفیو، لبریشن فرنٹ پر عائد پابندی اور چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک پر کالے قوانین کے تحت جھوٹے اور جعلی مقدمات کے خلاف شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کی برسی کے حوالے سے مظاہرہ میں آواز بلند کی جائے گی۔نہوں نے کیا کہ برطانوی کشمیری کمیونٹی میں محمد یاسین ملک اور دیگر سیاسی قائدین کے حوالے سے خاصی تشویش پائی جاتی ہے ۔ اس تناظر میں جے کے ایل ایف نے چئیرمین محمد یاسین ملک کی رہائی کے لیے سفارتی جدوجہد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سولہ فروری کو اس متعلق آواز بھی بلند کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے خیال رہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ نے شہید کشمیر مقبول احمد بٹ کے یوم شہادت کے موقع کی مناسبت سے سولہ فروری بروز اتوار بھارتی سفارتخانہ لندن کے باھر احتجاجی مظاہرہ میں کمیونٹی کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے جبکہ فرنٹ نے تمام آزادی پسندوں سے 16فروری کو بھارتی سفارت خانہ لندن کے سامنے دن کے ساڑھے بارہ سے ساڑھے تین بجے کے درمیان ترتیب دیے گئے مقبول بٹ شہیدکے جسد خاکی کی واپسی اور یاسین ملک سمیت تمام سیاسی قائدین کی رہائی کے لیےاحتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔