وفاقی محتسب کی ہدایات، چیئرمین پیمرا نےڈی جی ایچ آر کو عہدے سے ہٹادیا

February 17, 2020

اسلام آباد( فخر درانی) وفاقی محتسب برائے تحفظ خواتین ہراسمنٹ کے احکامات کے بعد چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے حاجی آدم خان کو ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس (ایچ آر) اور ایڈمنسٹریشن کے عہدوں سے ہٹادیاہے، انہیں اگلے احکامات تک معطل کردیا گیاہے۔حاجی آدم کو ایک خاتون ملازمہ کی طرف سےکام کی جگہ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام کاسامناہے، جنسی ہراسانی کا نشانہ بننے والی خاتون کی شکایت کے بعد چیئرمین پیمرا نے 14 جنوری 2020 کو اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، جسے ہدایت کی گئی تھی کہ مناسب سفارشات کے ساتھ مجاز اتھارٹی کو تین دن میں انکوائری رپورٹ پیش کرے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد وفاقی محتسب نے چیئرمین پیمرا کو ہدایات جاری کیں کہ حاجی آدم کو ڈی جی ایچ آر اورا یڈمن کے عہدوں سے ہٹایا جائے اورشفاف تحقیقات کیلئے انہیں اگلے احکامات تک معطل کیا جائے۔