بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کےلیےحل تلاش کیا جائے، وزیراعظم

February 17, 2020

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

ایک اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزراء عمر ایوب، اسدعمر، مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، فردوس عاشق اعوان، شہزاد قاسم، ندیم بابر اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ملکی مفاد کو پس پشت رکھتے ہوئے مہنگے اور غیر منطقی معاہدے کیےگئے۔

اس کا نتیجہ مہنگی بجلی اور گردشی قرضے کی صورت میں برآمد ہوا، موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام خصوصاً کم آمدنی والے اور غربت کا شکار افراد ہیں، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کے لیے آؤٹ آف دی باکس حل اور تجاویز پر غور کیا جائے۔

اس موقع پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں استحکام اور ممکنہ حد تک کمی سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، وزیرِاعظم کوبجلی اور گیس کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

معاون خصوصی برائے پٹرولیم نے گیس کی قیمتوں میں ممکنہ کمی سے متعلق تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ماضی میں کیے گئے معاہدوں کےباعث بجلی اور گیس کا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑرہا ہے۔

وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ ان شعبوں میں انتظامی اصلاحات کی جائیں، بجلی چوری کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

گردشی قرضوں میں 38 ارب کے ماہانہ اضافے کو کم کر کے 12 ارب تک لایا جاچکا ہے، رواں سال کے آخر تک گردشی قرضوں کو صفر کردیا جائےگا۔