محراب پور: مقتول صحافی عزیز میمن مقامی قبرستان میں سپرد خاک

February 18, 2020

محراب پور: مقتول صحافی عزیز میمن مقامی قبرستان میں سپرد خاک

محراب پور / کراچی ( نامہ نگاران / اسٹاف رپورٹر) محراب پور کے مقامی مقتول صحافی عزیز میمن کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مقتول صحافی عزیز میمن کی نماز جنازہ گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کے گرونڈ میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید ظفر علی شاہ ایم پی اے سید سرفراز شاہ قوم پرست رہنما نیاز کالانی منور بیگ مغل امداد علی چانگ سید ہمایوں شاہ شرافت علی ناز صدر یونین آف جرنلسٹ نوشہروفیروز زاہد علی قائمخانی سمیت صحافیوں، وکیلوں اور مختلف مکتبہ زندگی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری پر زور دیا، سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل بڑا المیہ ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بدترین ہے۔ جہاں اسمبلی ممبر اور صحافی بھی غیر محفوظ ہیں۔ عزیز میمن کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ جسقم رہنما ڈاکٹر نیاز کالانی کا کہنا تھا کہ عزیز میمن کا قتل افسوسناک ہے، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔متحد ہ قومی مو ومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے عزیز میمن کے قتل پر گہر ی تشویش کا اظہا رکیا ۔ میہڑ میں ایوان صحافت کی طرف سے آزاد انور کاندہڑو ، منظور مہیسر ، شاہد مہیسر ، اعجاز علی مہیسر ، اکبر کاندہڑو اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکال کر ٹاور چوک پر دھرنا دیا۔ پریس کلب کنری کے صحافیوں نے محراب پور کے سینئر صحافی اور پریس کلب کے صدر عزیز میمن کے قتل کے خلاف ٹاؤن کمیٹی چوک سے ریلی نکالی اور پریس کلب کنری کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔