گھارو، گرفتار نوجوان مبینہ پولیس تشدد سے جاں بحق

February 18, 2020

سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے علاقے گھارو میں چوری کے الزام میں گرفتار نوجوان پولیس کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا۔

ایس ایس پی نے ایس ایچ او کو معطل کر کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

گھارو پولیس کے مبینہ تشدد کے نتیجے میں چوری کے الزام میں گرفتار نوجوان رمضان سموں شدید زخمی ہو گیا تھا جو اسپتال پہنچ کر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

متوفی کے ورثاء نے احتجاجاً ٹھٹھہ کراچی شاہراہ بند کر دی اور الزام عائد کیا ہے کہ گھارو پولیس نے نوجوان رمضان کو چوری کے الزام میں گرفتار کر کے اس پر بہیمانہ تشدد کیا ہے جبکہ پولیس اہلکار نوجوان کو نازک حالت میں اسپتال میں چھوڑ کر چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: فیصل آباد، شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک

ورثاء کے مطابق اسپتال میں نوجوان جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد ورثاء کو نوجوان کے جاں بحق ہونے کی اطلاع بھی اسپتال کے عملے نے دی۔

واقعے کے خلاف ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹھٹھہ کراچی شاہراہ پر میت رکھ کر دھرنا دے دیا۔

ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے فوری طور پر ایس ایچ او یعقوب بھٹی کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا ہے جبکہ لاش کا فوری پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیتے ہوئے 3 ڈی ایس پیز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کو دانیال فارم سے بیج چرانے کے الزام میں درج ایف آئی آر کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔