عمران خان کی اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کی ہدایت

February 18, 2020

وزیر اعظم عمران خان اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کی سہولیات کے لیے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد میں سرکاری اسکولز اور کالجوں کی بہتری کےاقدامات پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں واقع 24 ماڈل اسکولوں اور کالجز کے معیار کو بلند کرنے پر توجہ دی جائے، جبکہ بچیوں کے تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) قوانین کی خلاف ورزی کرنے والےافراد اور سوسائٹی مالکان کی نشاندہی کرے، ایسے افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، ہر تھانے میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کنکریٹ کے بے ترتیب اور بے ہنگم پھیلاؤ سے ماحولیات پر گہرے اثر ات مرتب ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد پولیس کی ضروریات و مالی وسائل کا جائزہ لے کر اقدامات کیےجائیں، تاکہ دارالحکومت کو سیکورٹی کے اعتبار سے ایک ماڈل شہر بنایاجا سکے۔