پاکستان کرکٹ کا کوہ نور، سپرلیگ رنگارنگ تقریب میں آج شروع

February 20, 2020

آج سے PSL کا آغاز

کراچی (عبد الماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہورہی ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ سجنے کے لئے تیار ہے۔ پاکستان کرکٹ کے ’’کوہ نور‘‘ پاکستان سپر لیگ فائیو کا آغاز جمعرات کی شام کراچی میں رنگا رنگ اور پر وقار تقریب سے شروع ہورہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب پی ایس ایل کے تمام 34میچ کراچی، راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں ہوں گے۔ ایونٹ کے 9میچز کراچی، 14 لاہور، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ 32 روز تک منعقد ہونے والا ایونٹ پاکستان سپر لیگ ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔ میگا ایونٹ میں دنیا کے صف اول کے کرکٹ اسٹار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اس سے قبل ابتدائی چاروں ایڈیشن کے میچ متحدہ عرب امارات میں ہوئے تھے۔ 2017میں قذافی اسٹیڈیم اور گذشتہ سال کراچی میں فائنل ہوا تھا۔ ایونٹ کے لئے ملک بھرمیں کرکٹ کا بخار اپنے عروج پر ہے۔ کراچی جہاں افتتاحی تقریب سمیت پہلے چاروں دن میچ ہوں گے۔350فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ تقریب کے بعد افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں گذشتہ سال اسی گرائونڈ پر کوئٹہ نے اسلام آباد کو شکست دے کر یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں میچ وننگ بولر اور بیٹسمین شامل ہیں، یقین ہے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز سے نوجوانوں میں کرکٹ کا شوق بڑھے گا۔ شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ کا ابتدائی کیمپ اسلام آباد میں لگایا گیا تھا جہاں مقامی کھلاڑیوں نے شرکت کی، اب غیرملکی کھلاڑیوں سمیت مکمل اسکواڈ کراچی میں ٹریننگ کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے پر بہت پرجوش ہیں، انہیں خوشی ہے کہ وہ اس ایڈیشن کے دوران پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میچ اپنے ہوم گراؤنڈ راولپنڈی میں بھی کھیلیں گے۔ فائنل 22مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم کی فضائیں پاپ، راک، صوفی اور علاقائی موسیقی کی دھنوں میں رنگ جائیں گی۔ جہاں راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ فن کے جوہر دکھائیں گے۔ پی ایس ایل کے آفیشل میں سر کا جادو جگانے والے چاروں گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر اور ہارون بھی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔ کراچی میں میچ کے ٹکٹوں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ اکیس فروری کو میزبان کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا دوسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین ایونٹ کا تیسرا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دوران شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔دریںاثناکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمدنے کہا کہ لوگوں سے کہوں گا کہ ٹکٹ خود خرید کر آئیں ، ہم بھی ٹکٹ خرید کر دے رہیں۔ نیشنل اسٹیدیم سے کافی یادیں وابستہ ہیں، اچھی کارکردگی کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کروں گا۔