پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے بحریہ بلڈ بینکس کو انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کا سرٹیفکیٹ دیدیا

February 20, 2020

اسلام آباد (حنیف خالد) بحریہ انٹرنیشنل ہسپتالوں کے ملک بھر میں موجود بلڈ بینکس کو اعلیٰ کارکردگی کی بناء پر پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی جانب سے خصوصی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے۔ بحریہ انٹرنیشنل ہسپتالوں کے پنجاب میں واقع تینوں بلڈ بینکس کو پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی جوکہ تمام نجی و سرکاری بلڈ بینکس کی نگرانی کرتی ہے‘ کی جانب سے سال 2020ء میں معیاری خدمات فراہم کرنے کیلئے یہ خصوصی سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔ بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے اس اعزاز کو نہ صرف بحریہ ٹائون ہسپتالوں بلکہ اسکے سارے عملے کی شبانہ روز دیانت دارانہ‘ پیشہ ورانہ معیاری خدمات کا آئینہ دار قرار دیتے ہوئے شاباش دی ہے۔ بحریہ انٹرنیشنل ہسپتالوں میں میڈیکل کے علاج کے علاوہ ہیمو ڈائیلاسز‘ دل کے امراض‘ کڈنی ٹرانسپلانٹ‘ لیور ٹرانسپلانٹ‘ گائنی اور ہڈیوں وغیرہ کے آپریشنز کامیابی سے کئے جا رہے ہیں۔ ان آپریشنز کے دوران بروقت خون کا دستیاب ہونا ضروری ہے اسلئے بحریہ انٹرنیشنل ہسپتالوں میں انٹرنیشنل معیار کے مطابق خون کی فراہمی کا بروقت بندوبست کر دیا گیا ہے اور بھرپور کوشش کی جاتی ہے کہ یہ خون ایسا ہونا چاہئے جو مرض کیلئے نقصان دہ نہ ہو۔ بحریہ ٹائون کے پنجاب میں واقع تینوں انٹرنیشنل ہسپتالوں میں عالمی معیار کے مطابق جدید ترین سہولیات سے آراستہ بلڈ بینکس موجود ہیں اور اس شعبے کے کوالیفائیڈ ماہرین کی زیرنگرانی عالمی معیار کے مطابق خدمات فراہم کی جا رہی ہے۔ بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹل ایک بین الاقوامی معیار کا مستند ہسپتال ہے جہاں ہارٹ سرجری‘ جگر سرجری اور گردوں کے ٹرانسپلانٹ‘ گائنی اور دیگر طبی سہولیات موجود ہیں۔ ان انٹرنیشنل ہسپتالوں کی موجودگی میں پنجاب بھر کے مریضوں کو اپنے علاج معالجے کیلئے بیرون ملک جا کر لاکھوں ڈالر کا زرمبادلہ صرف کرنے کی ضرورت نہیں رہی کیونکہ ان ہسپتالوں میں امریکہ سے آسٹریلیا تک کی جدید ترین میڈیکل مشینری‘ طبی ایکوپمنٹ اور فارن کوالیفائیڈ ماہرین موجود ہیں۔ ان ہسپتالوں میں نہ صرف پاکستان سے مریض آ رہے ہیں بلکہ خلیجی ریاستوں‘ یورپ‘ امریکہ سے بھی اوورسیز پاکستانی وہاں کے مہنگے علاج کی بجائے اس سے بیحد کم خرچے پر بین الاقوامی معیار کا علاج کرانے لگے ہیں۔