مختلف اضلاع سے بھرتی امیدواروں کو36جامعات اور انسٹیٹیوٹس میں کھپایا جائیگا

February 20, 2020

کراچی( سید محمد عسکری) صوبائی حکومت نے سندھ کی جامعات کو خودمختاری ختم کرنے کے لئے آئی بی اے سکھر کے ذریعے بھرتی کرانے کے منصوبے کے بعد ایک اور منصوبہ ترتیب دیا ہے جس کے تحت سندھ کے محکموں میں مختلف اسامیوں کے سلسلے میں مختلف اضلاع سے بھرتی کیلئے موصولہ درخواستوں کو سندھ کی 36 جامعات اور انسٹیٹیوٹس میں کھپایا جائے گا اس سلسلے میں محکمہ جامعات و بورڈز کے مشیر نثار کھوڑو نے جمعرات 20 فروری کو سندھ کے وائس چانسلرز کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ مشیر نثار کھوڑو کے پی ایس کی جانب سے بھیجے گئے ایجنڈے میں وائس چانسلرز سے کہا گیا ہے کہ یہ تقرریاں 6 ماہ کے اندر کردی جائیں گی۔ اجلاس میں بھرتیوں کے حوالے سے کمیٹی اور اس کے ارکان کا تقرر کیا جائے گا۔ اجلاس میں جامعات کا معیار بلند کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور جامعات کے مختلف مسائل پر غور کیا جائے گا۔