قومی لٹیروں کو عوام نے نظروں سے گرایا ، فردوس عاشق

February 20, 2020


وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قوم کو لوٹ کر مال بنانے والوں کو عوام نے نظروں سے گرایا اور عمران خان کو دہائیوں سے قوم پر مسلط دو خاندانوں کے استحصالی راج سے نجات کا ذریعہ بنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عوام کے ساتھ احساس اور درد کا رشتہ ہے، وہ ماضی کی حکومتوں کے عوام کو دیئے گئے زخموں پر مرہم رکھ رہے ہیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب! پاکستان کے عوام باشعور ہیں، اپوزیشن کی اصلیت اور نیت دونوں سے عوام بخوبی آگاہ ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب! آپ نے بس چلانا ہے تو دو خاندانوں سے لوٹی ہوئی قوم کی دولت واپس دلوادیں اور ان کے خلاف تحریک چلائیں پوری قوم آپ کا ساتھ دے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول صاحب عوام کابس چلے تو تھر کے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت کا نشان بنا دیں، عوام کا بس چلے تو ان کا مستقبل ان سے چھین لینے والوں کو لوہے کا زیور پہنائیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ نون پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو وہ وقت نہیں بھولا جب عوام ’شیر آٹا کھا گیا کے نعرے لگاتے تھے‘، سارے پاکستان کو معلوم ہے کہ اس وقت آٹا، چینی، گھی اور خاص کر کے مرغیوں پر کس کا کنٹرول تھا ۔