PSL کی مایوس کن افتتاحی تقریب کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے؟

February 22, 2020

سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی مایوس کن افتتاحی تقریب کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے انتظام کو بھارتی ایونٹ پلانر و ڈائریکٹر شبھرا بھردواج کے سپرد کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں 21 کروڑ روپے کے اخراجات کا دعویٰ کیا گیا اور ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب بھارتی ڈائریکٹر شبھرا بھردواج کو سونپی تھی۔

صارف کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے خلاف نہیں ہیں لیکن اس وقت ہمیں پاکستانی ڈائریکٹر کا انتخاب کرنا چاہیے تھا جو اس تقریب کا انتظام زیادہ اچھے طریقے سے کرتا۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کی جانب سے بھی ملے جلے انداز میں تنقید کی جا رہی ہے کہ پاکستان کے لیے اس اہم ترین موقع پر بھارتی ایونٹ پلانر کا انتخاب کرنا سمجھ سے بالاتر تھا۔

دوسری جانب اس ٹوئٹ پر پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ ہمارے پاس اس سے زیادہ بہترین لوگ تھے جیسے کے فریحہ الطاف۔

مداحوں کو ہر سال پی ایس ایل کا بے چینی سے انتظار ہوتا ہے اور ایسے میں اس سال کی افتتاحی تقریب نے شائقین کرکٹ کو بے حد مایوس کیا۔