ٹرمپ کا دورہ بھارت‘ احمد آباد پر 100 کروڑ روپے خرچ

February 23, 2020

اسلام آباد(صالح ظافر) ٹرمپ کا دورہ بھارت پر بھارتی حکومت نے احمد آباد پر 100کروڑ روپے خرچ کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کل احمد آباد پہنچ رہے ہیں لیکن ان کے دورہ بھارت سے قبل ہی نئے تنازعات سامنے آرہے ہیں۔ اب کانگریس کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی نے نریندر مودی کی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے اور احمد آباد میں ٹرمپ کے دورے پر خرچ کی جانے والی خطیر رقم پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے دورے کے حوالے سے بنائی جانے والی کمیٹی کے کردار پر سوالات اٹھائے ہیں پریانکا گاندھی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے دورے پر کمیٹی کے ذریعے 100 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں مگر کمیٹی ارکان کو یہ معلوم ہی نہیں ہے کہ وہ اس کے رکن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ملک کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ کون سی وزارت اس کمیٹی کو کتنی رقم دے رہی ہے، جان سکے؟ انہوں نے ٹرمپ ناگرک ابھینندن سمیتی کے کردار پر سوال اٹھایا کہ اس نے شہر کی خوبصورتی پر 100 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ سینئر پارٹی رہنما آنند شرما نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوٹہ اسکولز، کالجز اور جامعات کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ اساتذہ اور طباء کو طلب کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ موٹیرا اسٹیڈیم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جب کہ پورے بھارت سے فنکار وہاں آرہے ہیں۔ یہ سب کمیٹی کے کنٹرول میں نہیں ہے. جب کہ احمد آباد میونسپل کارپوریشن کو خصوصی گرانٹ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے مگر حکومت کو جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے تھا۔