الخدمت فاونڈیشن کی انسانیت کیلئے خدمت قابل ستائش ہے، وزیر زادہ

February 23, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہالخدمت فاونڈیشن جس طرح انسانیت کی خدمت کر رہی ہے قابل ستائش اور دوسروں کیلئے مثال ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک شام چترال کے آغوشیوں کے نام سیمنار سے اپنے خطاب میں کیا ، اس موقع پر چترال سے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن،سابق صوبائی وزیر سلیم خان،پی ٹی آئی ضلع چترال کے صدر سرتاج احمد خان،دیر سے سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد علی سمیت پشاور مین مقیم چترالی کمیونٹی نے شرکت کی ۔ وزیر زادہ نے اس موقع پر کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے،موجودہ حکومت اسی جذبے کے تحت احساس پروگرام کے تحت غریبوں کی مدد کے منصوبے بنارہی ہے،انہوں نے چترال میں آغوش مرکز کے قیام پر الخدمت فاونڈیشن کو مبارکباد دی اور صوبائی حکومت کی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا،اس موقع پر آغو ش چترال مرکز کے لئے 10لاکھ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا، اس سے پہلے الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص چمکنی نے الخدمت کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اس موقع پر شرکاء نے اغوش چترال مرکز کے لئے لاکھوں روپے کے عطیات کا اعلان کیا۔