حکومت تاجروں کی ہرممکن مدد کرے گی، تھوڑا اور صبر کریں، صدر عارف علوی

February 24, 2020

لاہور (جنگ نیوز) چیئرمین نشاط گروپ میاں محمد منشاء کی جانب سے صدر مملکت عارف علوی، خاتون علوی ثمینہ علوی اور لاہور کے بزنس مینوں کیلئے ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا جس میں کاروباری حضرات نے صدر مملکت سے ملاقات اور موجودہ کاروباری ماحول کے بارے میں گفتگو کی۔

چیئرمین کوہ نور گروپ طارق سہگل، چیئرمین پاک الیکٹرون لمیٹڈ نسیم سہگل ، چیئرمین صدیق سنز طارق رفیع، صدر ایف پی سی سی آئی انجم نثار ، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری ، چیئرمین نیسلے پاکستان سید یاور علی ، چیئرمین اشرف گروپ ذکاء اشرف ، چیف ایگزیکٹو رائل فین خاور رفیق ، ڈائریکٹر سفائر گروپ شاہدعبداللہ ، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور لاہور سے دیگر نمایاں شخصیات اور انکی فیملیز نے عشائیے میں شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفد کے سربراہ چیئرمین نشاط گروپ میاں محمد منشاء نے کہا کہ ’ہم تسلیم کرتےہیں حکومت سیکورٹی صورتحال بہتر کرنے اور پی ایس ایل واپس لانے میں کامیاب ہوئی۔

افغان امن کی پیشرفت بھی حوصلہ افزاء ہے جس سے خطے میں نہ صرف سیکورٹی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بھی فروغ ملے گا ۔ یہ دونوں ممالک کی تاجر کمیونٹی کیلئے بھی فائدہ مند ہے ‘۔

میاں منشاء نے مزید کہا کہ ملک میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کی سست روی کے باعث لوگ تخفیف مصارف کے نام پر اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھوے رہے ہیں جس سے موثر انداز میں نمٹنے کی ضرورت ہے ۔

غیر فعال سرکاری ادارے نقصان میں جارہے ہیں جو قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ حکومت کو ایسے اداروں کی نجکاری کرنے کی ضرورت ہے ۔