منظور وسان کی نئی پیش گوئی ، عمران خان خود اسی سال اسمبلیاں توڑ دینگے

February 24, 2020

رانی پور(نامہ نگار/آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما منظور حسین وسان نے نئی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال 2020میں وزیر اعظم خود وزارت عظمی سے مستعفی ہو کر اسمبلیاں توڑ دیں گے۔

عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے کا جواز ڈھونڈ رہے ہیں۔ خیرپور میں میڈیا سے بات کرتے انہوں نے کہا کہ میں 2020میں نئے انتخابات دیکھ رہا ہوں۔

وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے اور اب عوام مہنگائی سے بیزار ہو چکی ہے۔ گھی، دودھ، چینی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے سے حکومت کی نااہلی نظر آ رہی ہے۔

منظور وسان نے یقین دہانی کرائی کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اور صحافی عزیز میمن کے قتل کی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں گی۔ آئی جی سندھ پولیس اور ایس ایس پیز وفاق کی مرضی کے ہیں لیکن اس کے باوجود قاتل گرفتار نہ ہو سکے۔