سیکٹر آئی 14ڈرینج سسٹم امپروومنٹ کیلئے 9اعشاریہ 377 ملین منظور

February 24, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ نے سیکٹر آئی 14میں ڈرینج سسٹم کی امپروومنٹ کیلئے 9اعشاریہ 377ملین روپے کی منظوری دیدی جس کے بعد متعلقہ شعبے نے ٹینڈر بھی جاری کر دیا ہے۔ ان فنڈز سے آئی چودہ کے تمام سب سیکٹروں میں بچھائے گئے ڈرینج سسٹم کو مزید اپ گریڈ کیا جائیگا۔ قبل ازیں گیس کی فراہمی کیلئے گزشتہ ماہ ساڑھے 21کروڑ روپے کی منظوری دی گئی تھی جس سے 3ہزار 470 میٹر طویل چار انچ ڈایا کی مین لائن بچھا کر انفرا سٹرکچر اور گیس پائپ لائن نیٹ ورک کو مکمل کیا جائیگا۔ مزید برآں 29ہزار 250میٹر طویل دو انچ ڈایا کی پائپ لائن، 50ہزار 110میٹر طویل سوا ایک انچ ڈایا کی پائپ لائن کے علاوہ سیکٹر میں پہلے سے موجود گیس پائپ لائن کے نیٹ ورک کو بھی مزید اپ گریڈ کیا جائیگا۔ سی ڈی اے‘ ڈی ڈبلیو پی کی 45ویں میٹنگ گزشتہ سال اکتوبر میں منعقد ہوئی تھی۔