مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کشمیر ی ڈائیسفرا کا کلیدی کردار ہے، راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ

February 25, 2020

لوٹن (نمائندہ جنگ) برطانیہ کے دورہ پر آئے ہوئے چیئرمین پیپلز نیشنل الائنس آزادکشمیر راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ کے اعزاز میں وارک روڈ پر واقع ہال میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں مسلم کانفرنس برطانیہ کے سابق جنرل سیکرٹری سابق کونسلر ماسٹر راجہ سلیمان، لوٹن بارو کونسلر راجہ اسلم خان، کونسلر آصف مسعود، ریٹائرڈ پرنسپل میرپور راجہ عارف، راجہ حفیظ، راجہ منور خان، خواجہ لطیف راجہ مشتاق، ذاکر احمد، چوہدری اسلم، ساجد شاہین وٹفورڈ سے عباس بٹ اور دیگر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر جنگ سے خصوصی بات چیت میں راجہ ذوالفقار ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ میں کشمیری ڈائیسفرا کا آزادئ کشمیر کی جدوجہد کو خارجی محاذ پر مربوط کرنے میں کلیدی کردار بنتا ہے، یہاں پر متعدد کمیونٹی ایم پیز ، لارڈز کونسلرز موجود ہیں سب باہم مل کر یہ پیغام دیں کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹایا جائے اور جس طرح دیگر قوموں کو آزادی کا حق حاصل ہے اسی طرح کشمیری عوام کا بھی حق آزادی تسلیم کیا جائے۔ بر طانوی کشمیری قومی آزادی اور حقوق انسانی کی بنیادوں پر اپنا مسئلہ پیش کریں، انہوں نے بتایا کہ 10 اگست کو راولاکوٹ میں پی این کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں جے کے پی این پی ، جموں و کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ، جموں کشمیر نیشنل پارٹی ، این ایس ایف ،لبریش لیک سمیت پندرہ جماعتیں شامل ہیں۔ ہمارے اغراض و مقاصد میں ریاست جموں و کشمیر کی وحدت کی بحالی ، تقسیم کشمیر کی ہر کوشش کی مخالفت اور ریاست کے باشندہ رولز بحال کرانا شامل ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر اور گلگت کے اسیروں کو فوری اور غیر مشروط رہا کیا جائے۔