مورگاہ کے علاقہ میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو مارے گئے، ایک اہلکار زخمی

February 25, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں پولیس مقابلہ کے دوران دومبینہ ڈاکو مارے گئے جب کہ ڈولفن فورس کاایک جوان زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق پیرکی رات تھانہ مورگاہ کے علاقہ جہلم روڈپر الشفاء آئی ہسپتال کے نزدیک شیل پٹرول پمپ کے سامنے ڈولفن فورس کے جوانوں نے بغیرنمبرپلیٹ موٹرسائیکل پر سوار دو مشتبہ افرادکوروکنے کی کوشش کی توانہوں نے موٹرسائیکل بھگالی جس پرڈولفن فورس کے اہل کاروں نے ان کاتعاقب کیاتوملزموں نے فائرنگ شروع کردی جس سے ڈولفن فورس کاجوان عبدالغفورگولی لگنے سے زخمی ہوگیا،جوابی فائرنگ سے دونوں مشتبہ موٹرسائیکل سوارزخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں دونوں ملزمان دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزموں کی شناخت طارق عرف استاداورکابل لال عرف عابدکے نام سے ہوئی۔ ذرائع کاکہناہے کہ عابد باکسر کاتعلق کراچی سے ہے جوبدنام زمانہ ڈاکوبتایاجاتاہے ،پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال منتقل کردیں ۔واقعہ کی اطلاع ملنے پرایس پی پوٹھوہارسیدعلی،ایس ڈی پی اوسول لائنزسرکل اورایس ایچ اوتھانہ مورگاہ موقع پرپہنچ گئے پولیس رات گئے تحقیقات کررہی تھی۔