علی ظفر نےPSL ترانےکے ڈانس اسٹیپس جاری کر دیے

February 25, 2020

مداحوں کی پُرزور فرمائش پر پی ایس ایل کے رواں سیزن کے لیے گانا بنانے والے علی ظفر نے ترانے کی ویڈیو کے لیے ڈانس اسٹیپس جاری کردیئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے اپنے ایک پیغام میں مداحوں کو بتایا کہ پی ایس ایل5 کا ترانہ تیار ہوگیا ہے آپ کے پاس بھی موقع ہے کہ آپ اس گانے میں شامل ہوسکتے ہیں اور اسٹار بن سکتے ہیں۔

انہوں نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گانا تو تیار ہے اب ویڈیو کی باری ہے تو گانا میں نے بنایا ہے، ویڈیو آپ بنائیں گے۔

انہوں نے ٹوئٹر صارفین کو ہدایت دیتے ہوئے کچھ ڈانس اسٹیپس بتائے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے وہ ویڈیو بنا کر علی ظفر کے بتائی گئے مخصوص ای میل ایڈریس پر بھیجیں گے۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ صارفین یہ ڈانس اسٹیپس اکیلے بھی کرسکتے ہیں اور دوستوں کے گروپ میں بھی ، ڈانس اسٹیپ ریکارڈ کر کے علی ظفر کی جانب سے دیے گئے ای میل ایڈریس پر بھیج دیں۔

گلوکار کی جانب سے جاری کئے گئے اس پیغام کے بعد سے کرکٹ شائقین اور علی ظفر کے پی ایس ایل ترانے کا بے صبری سے انتظار کرنے والے ہیش ٹیگ ’بھائی حاضر ہے‘ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ریہرسلز کی ویڈیو شیئر کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شعیب اختر کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے سوال کیا تھا کہ ڈانس کر لیتے ہیں آپ؟

علی ظفر کے ڈانس اسٹیپس کی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین میں بے حد مقبول ہورہی ہے اور سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

’بھائی حاضر ہے‘اس وقت زبان زد عام ہے اور پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست ٹرینڈز پر موجود ہے۔