• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر کے نئے ٹیزر کے بعد مداحوں کو پی ایس ایل گانے کا انتظار


معروف گلوکار علی ظفر کی طرف سے سوشل میڈیا پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نئے گانے کا ٹیزر ریلیز کرنے کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

علی ظفر کے اس اعلان کے بعد نہ صرف ان کے مداح و شائقین کرکٹ خوش دکھائی دے رہے ہیں بلکہ کئی معروف کھلاڑی اور سنگر بھی بہت خوش ہیں اور ان کے اس اقدام کو خوب سراہ رہے ہیں۔

اپنے طور پر پی ایس ایل فائیو کے نئے گانے کا ٹیزر ریلیز کرنےکے بعد مداح علی ظفر کے اس گانے کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس بے چینی سے بہت محظوظ بھی ہورہے ہیں۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے گانے کے انتظار میں ایک جف فوٹو شیئر کیا تو علی ظفر نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میر ی جان! ترانہ بنارہا ہوں کوئی گجریلا نہیں بنارہا تھوڑا حوصلہ کرو بھائی۔‘

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ علی ظفر کہہ رہے ہیں کہ ہوجائے پھر، تو پھر ہم بھی حاضر ہیں، جس کا جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے شعیب اختر سے سوال کیا کہ کیا ڈانس کرلیتے ہیں آپ؟

گلوکار عاصم اظہر بھی علی ظفر کی حمایت میں کسی سے پیچھے نہیں رہے اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

عاصم اظہر نے علی ظفر کا اعلان سننے کے بعد کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے وہ میرے سینئر ہیں اور میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں اگر وہ پی ایس ایل کا نیا گانے بنائیں گے تو میں انہیں بھر پور سپورٹ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر علی ظفر پی ایس ایل کا نیا گانا بنائیں گے تو مجھے بہت خوشی ہوگی کیونکہ اس میں پاکستان کا ہی فائدہ ہوگا، مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہم لوگ آپس میں بٹے ہوئے ہیں ہمیں اس وقت ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔

ایک صارف نے ٹوئٹ کیا کہ ہم نہیں جانتے ہمیں نیا ترانہ چاہیے بس اور ایک مچلنے کی جف تصویر بھی شیئر کی جس کے جواب میں علی ظفر نے کہا کہ ’یار یہ نہیں کرو۔‘

واضح رہے کہ علی ظفر نے پی ایس ایل فائیو کے گانے کے معاملے پر علی عظمت سے ہونے والی نوک جھونک کے بعد اپنا گانا جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے  علی ظفر نے پی ایس ایل کے لیے اپنے گانے کا ٹیزر بھی جاری کیا اور اپنی مختصر ویڈیو میں انہوں نے  مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  ’تیار ہو؟ بھائی آرہا ہے۔‘

اس سے قبل گلوکار علی عظمت نے ایک ٹی وی شو میں کسی کا نام لیے بغیر الزام لگایا تھا کہ پی ایس ایل فائیو کے ٹائٹل سانگ کو خراب کرنے کے لیے ایک گلوکار نے بلاگرز کا گروپ بنایا اور پیسے دے کر سوشل میڈیا پر مہم چلائی۔

علی عظمت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑی اور علی ظفر نے الزام کا جواب اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دیا تھا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا ایونٹ کامیاب نہیں ہورہا یا پھر کوئی گانا ہٹ نہیں ہورہا تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ’آپ کا بھائی حاضر ہے‘۔

تازہ ترین