پشتوکی معروف گلوکارہ مہہ جبین قزلباش انتقا ل کرگئیں

February 27, 2020

پشتوکی معروف گلوکارہ مہہ جبین قزلباش انتقا ل کرگئیں

پشاور ( احتشام طورو/نمائندہ جنگ) صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف گلوکارہ ماہ جبین قزلباش 62سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاو ر میں انتقال کر گئیں وہ 57ایل آر ایچ کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج رہیں مرحومہ کو دل کا دورہ پڑنے پر یکم جنوری کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیاگیا تھا ایل آر ایچ کے ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان خان نے ماہ جبین قزلباش کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل آر ایچ انتظامیہ اور ڈاکٹرز نے علاج معالجے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی مرحومہ کی نماز جنازہ آج برورز جمعرات صبح گیارہ بجے گل گشت کالونی سول کوارٹر میں ادا کی جائیگی مرحومہ نے دو بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے معروف صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ ثریا خانم المعروف ماہ جبین قزلباش 1958ء کو پشاور میں کوچہ رسالدار میںپیدا ہوئی انکے آبائو اجداد ایران سے تعلق رکھتےتھے پھر افغانستان سے پاکستان منتقل ہوئے انکے والد امداد حسین قزلباش نے تین شادیاں کی تھیں ماہ جبین قزلباش کی والدہ کا تعلق بڈھ بیر سے تھا ماہ جبین قزلباش نے فارورڈ سکول میں تعلیم حاصل کی انکی خوبصورت گائیگی کی وجہ سے انہیں بلبل سرحد کا خطاب بھی دیا گیا تھا ۔