حکومت نے شہریوں کو ٹینکر مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنادیا‘پشتونخوامیپ

February 27, 2020

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کےبیان میں شہرمیں پانی کی قلت اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوچکی، شہری مہنگے داموں ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں اور ضلعی انتظامیہ بھی اس سلسلے میں ٹینکرز مافیا کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے،کیونکہ ٹینکرز مافیا کی جانب سے ہر علاقے میں الگ الگ قیمتیں مختص کی گئی ہیں اور سرکاری ٹیوب ویلوں کی بندش، پائپ لائنوں کی مرمت ، ٹرانسفارمر اورٹیوب ویل کی خرابی ، فنڈز کی کمی ،ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا بیانیہ آج بھی محکمہ واسا کی جانب سے کیا جارہا ہے ۔ بیان میں کہا گیاکہ کوئٹہ کے اطراف ، مین وسطی علاقوں بالخصوص گوالمنڈی سب ڈویژن میں پانی کی عدم فراہمی ، اوقات کار ، ایک علاقے کے پانی کو دوسرے علاقوں میں دینے کے مسائل سے شہری ذہنی کوفت کا شکار ہوچکے ۔ متعلقہ سب ڈویژن کے عملے کے سامنے آئے روز علاقے کے لوگ شکایات کرکے تھک چکے لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگی کے باوجود غریب عوام سخت پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔ گوالمنڈی سب ڈویژن کے کواری روڈ ، زمان روڈ ، ابراہیم کالونی ودیگر علاقوں میں پانی ایک دن بعد ملتا تھا جسے مکمل طور پر بند کردیا گیا جس کے باعث علاقہ مکین سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ واسا حکام عوام کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے شہر اور بالخصوص گوالمنڈی سب ڈویژن کے مذکورہ بالا علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں اور غفلت وکوتاہی میں ملوث عملے کیخلاف کارروائی کی جائے۔