نعمت اللّٰہ خان ایک ایماندار اور فرض شناس انسان تھے، وسیم اختر

February 27, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بدھ کو دوسرے روز بھی نعمتاللّٰہ خان ایڈووکیٹ کے انتقال کے سوگ میں تمام سرگرمیاں معطل رہیں اور دفاتر بندرہے میئرکراچی وسیم اختر سابق ناظم نعمتاللّٰہ خان کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ادارہ نور حق پہنچے اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹرسراج الحق ،سندھ کے امیر محمدحسین محنتی،کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے اظہارتعزیت کیا اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر منتخب بلدیاتی نمائندے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین اور معززین شہر کی ایک بہت بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں موجود تھی، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نماز جنازہ کے لئے صفائی ستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی انتظامات میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے فرائض انجام دیئے جبکہ میئر کراچی کی ہدایت پر سٹی وارڈنزبھی شہریوں کی رہنمائی کے لئے موجود رہے اور ٹریفک کو کنٹرول کرتے رہے،نماز جنازہ کے بعد میئرکراچی میت کے ہمراہ ڈیفنس میں واقع قبرستان پہنچے اور سابق ناظم نعمتاللّٰہ خان کو ان کے لواحقین کے ساتھ مل کر لحد میں اتارا، انہوں نے قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی تدفین کے عمل میں شرکت کی، میئر کراچی نے ان کے صاحبزادوں اور لواحقین کو دلاسہ دیتے ہوئے صبر کی تلقین کی ، میئر کراچی نے کہا کہ سابق ناظم نعمتاللّٰہ خان ایک ایماندار اور فرض شناس انسان تھے اور انہوں نے بلدیات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دیں جنہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔